جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے “ستھرا پنجاب” مشن کو کامیاب بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبد السمیع شیخ نے جی ٹی روڈ اور چک جمال کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کا مقصد راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کی جانب سے جاری صفائی ستھرائی کی سرگرمیوں اور کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی کے عمل کا جائزہ لینا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر عبد السمیع شیخ نے جی ٹی روڈ پر صفائی کے مجموعی انتظامات کا معائنہ کیا جبکہ چک جمال میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو بھی جانچا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے کام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور زیرو ویسٹ پالیسی پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہری و دیہی علاقوں میں یکساں معیار کے تحت صفائی کے انتظامات ہونا چاہییں اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو فوری طور پر اٹھایا جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلع جہلم کو صاف، سرسبز اور ماڈل ضلع بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے آر ڈبلیو ایم سی کے حکام کو ہدایت کی کہ مشینری اور افرادی قوت کو پوری استعداد کے ساتھ بروئے کار لایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آ سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ صفائی کے عمل کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے گا۔
