جہلم: شہرکی سماجی، رفاعی، فلاحی اور شہری تنظیموں کے عمائدین نے کہا ہے کہ رات سے صبح تک سوئی گیس کی بندش سے گھریلو امور خانہ داری بری طرح متاثر ہونے سے گھروں کابجٹ متاثر ہونے لگا ، صارفین نے وزیراعظم پاکستان ، وفاقی وزیر پٹرولیم سے نوٹس لینے اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا۔
جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں عید الفطر کے بعد رات ساڑھے 9 بجے سے صبح ساڑھے 6 بجے تک سوئی گیس کی سہولت بند کردی جاتی ہے جس کیوجہ سے صبح سکول کالجز جانے والے طلباء وطالبات اور سرکاری دفاتر میں جانے والے افراد بغیر ناشتہ کے گھروں سے جانے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیرپٹرولیم سے مطالبہ کیاہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری ختم کی جائے تاکہ صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور طلباء و طالبات سمیت سرکاری ملازمین اور کارروباری افراد اپنے گھروں سے ناشتہ کرکے معاملات زندگی جاری رکھ سکیں۔
