جہلم میں طالبات کے نام پر اہلخانہ سے رقم بٹورنے کے فراڈ کا انکشاف

جہلم میں طالبات کے نام پر ان کے اہلخانہ سے مبینہ طور پر رقم بٹورنے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، جہاں نامعلوم نوسرباز خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے والدین کو فون کرتے ہیں اور ان کی بیٹی کی گرفتاری کا خوف دلا کر فوری طور پر رقم کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس نئے طریقہ واردات نے طالبات کے والدین میں شدید تشویش اور خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نامعلوم افراد والدین کو فون کرکے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہیں اور انہیں بتایا جاتا ہے کہ ان کی بیٹی کو کسی معاملے میں گرفتار کیا جا رہا ہے یا وہ کسی قانونی کارروائی کی زد میں ہے۔ گرفتاری کے خوف اور ذہنی دباؤ میں مبتلا کرکے والدین سے فوری رقم طلب کی جاتی ہے۔ اس فراڈ کا تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ مبینہ جعلسازوں کے پاس طالبات کے نام، کلاسز اور رول نمبرز سمیت ان کے تعلیمی کوائف بھی موجود ہوتے ہیں، جس کے باعث والدین فون کرنے والے افراد کی باتوں پر یقین کرنے لگتے ہیں۔

خواتین کالج کی پرنسپل غزالہ یاسمین کے مطابق بعض والدین ایسی فون کالز موصول ہونے پر شدید پریشانی میں مبتلا ہو جاتے ہیں اور تصدیق کیے بغیر رقم ادا کرنے پر آمادہ ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کے خلاف پولیس اور متعلقہ اداروں کو تحریری درخواست دے دی گئی ہے تاکہ اس فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

پرنسپل غزالہ یاسمین نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو اپنی بیٹی کی گرفتاری یا کسی قانونی کارروائی کے حوالے سے مشکوک فون کال موصول ہو تو ہرگز گھبرائیں نہیں اور نہ ہی کسی نامعلوم شخص کو رقم ادا کریں۔ ایسی کسی بھی کال کی صورت میں فوری طور پر کالج انتظامیہ سے براہِ راست رابطہ کرکے معلومات کی تصدیق کریں۔

شہریوں نے بھی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ طالبات کے تعلیمی کوائف مبینہ طور پر غیر متعلقہ افراد تک پہنچنے کے معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جعلسازی میں ملوث عناصر اور ان کے ممکنہ سہولت کاروں کا سراغ لگا کر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ طالبات اور ان کے اہلخانہ کو ایسے فراڈ سے محفوظ رکھا جا سکے۔

↑
Exit mobile version