جہلم: پنجاب کو چار انتظامی صوبوں میں تقسیم کرنے کے حوالے سے سامنے آنے والی مبینہ فہرست نے صوبے کے انتظامی مستقبل اور مختلف علاقوں کی ممکنہ نئی حیثیت کے بارے میں ایک اہم بحث کو جنم دے دیا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے مطابق پنجاب کو شمالی پنجاب، شمال مشرقی پنجاب، وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جس کا مقصد مختلف جغرافیائی خطوں کو الگ انتظامی شناخت دینا اور حکومتی امور کو مقامی سطح پر زیادہ مؤثر بنانا بتایا جا رہا ہے۔ تاہم اس حوالے سے ابھی تک کسی حتمی سرکاری فیصلے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق مبینہ فہرست میں شمالی پنجاب کو ایک وسیع انتظامی اکائی کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جس کا دارالحکومت راولپنڈی تجویز کیا گیا ہے۔ اس مجوزہ صوبے میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، منڈی بہاؤالدین، بھکر، خوشاب، میانوالی اور سرگودھا کے اضلاع شامل کیے جانے کی تجویز ہے۔ اس مجوزہ انتظامی اکائی کی آبادی 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد ظاہر کی گئی ہے۔
مبینہ منصوبے کے مطابق پنجاب کے دیگر تین مجوزہ صوبوں کے لیے بھی الگ الگ دارالحکومت تجویز کیے گئے ہیں۔ شمال مشرقی پنجاب کا دارالحکومت لاہور، وسطی پنجاب کا دارالحکومت فیصل آباد جبکہ جنوبی پنجاب کا دارالحکومت ملتان بنانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
اس مجوزہ تقسیم کے حوالے سے مختلف علاقوں کی انتظامی حیثیت، صوبائی ڈھانچے اور حکومتی امور کی مقامی سطح پر منتقلی کے امکانات پر بحث جاری ہے۔ تاہم یہ واضح رہے کہ سامنے آنے والی فہرست اور تجاویز کی تاحال کسی حتمی سرکاری فیصلے یا باقاعدہ اعلان سے توثیق نہیں ہوئی۔
