جہلم میں نوجوانوں کے لیے مفت آئی ٹی کورسز کا آغاز

18

جہلم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “ہنرمند نوجوان، خوشحال پنجاب” وژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ٹاہلیانوالہ جہلم میں واقع گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں نوجوانوں کے لیے جدید آئی ٹی کورسز میں مفت داخلوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

نوجوانوں کے لیے “کمپیوٹر ہارڈ ویئر اینڈ نیٹ ورک پروفیشنل” اور “CCTV پروفیشنل” کورسز متعارف کروائے گئے ہیں، جن کا مقصد نوجوانوں کو جدید تکنیکی مہارتیں فراہم کر کے باعزت روزگار کے مواقع مہیا کرنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بتایا کہ ان کورسز کے دوران طلبہ کو کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ ریپیرنگ، نیٹ ورکنگ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی انسٹالیشن سمیت دیگر جدید فنی مہارتوں کی عملی تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس انقلابی پروگرام کے تحت کامیاب امیدواروں کو مفت انٹرنیشنل ڈپلومہ دیا جائے گا، جبکہ دورانِ تربیت ماہانہ وظیفہ، مفت کتب اور ٹریننگ میٹریل بھی فراہم کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق کورس کا مجموعی دورانیہ 12 ماہ کی فنی تربیت اور 2 ماہ کی آن جاب ٹریننگ پر مشتمل ہوگا، تاکہ نوجوان عملی میدان میں اترنے سے قبل مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق خود کو مکمل طور پر تیار کر سکیں۔

میٹرک یا اس سے زائد تعلیم رکھنے والے نوجوان اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے نزد مرکزی جنازہ گاہ ٹاہلیانوالہ جہلم میں واقع گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ سے فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ پروگرام نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کی جانب ایک اہم اور مؤثر قدم ہے۔

Exit mobile version