میجر اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار کے باہراولڈ جی ٹی روڈ پر تجاوزات اور غلط پارکنگ عروج پر
جہلم: میجر اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار کے باہراولڈ جی ٹی روڈ پر تجاوزات اور غلط پارکنگ عروج پر، شہری تنظیموں کا چیف آفیسرمیونسپل کمیٹی اور ٹریفک پولیس سے کارروائیاں کرنے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شاندار چوک کے وسط میں واقع میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار کے باہر اولڈ جی ٹی روڈ پر تجاوزات کی بھرمار ہو چکی ہے جبکہ یادگار کے باہر غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ قائم ہو چکا ہے جس کی وجہ سے میجر اکرم شہید نشانِ حیدر کی یادگار پر آنے والے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہری تنظیموںکا اس حوالے سے سے کہنا ہے کہ قومیں اپنے ہیروز کی یادگار کو تاریخی بنانے اور خوبصورت بنانے کیلئے کردار ادا کرتی ہیں جبکہ ایم سی جہلم کے شعبہ انسدادِ تجاوزات کی سرپرستی میں جگہ جگہ غیر قانونی ٹھیئے لگا دیئے گئے ہیں ، رہی سہی کسر گاڑیوں کے مالکان نے پوری کردی ہے۔ میجر اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار کے داخلی گیٹ اور اطراف میں درجنوں گاڑیاں کھڑی کرکے دور دراز کے علاقوں سے یادگار پر آنے والے افراد کی مشکلات میں اضافہ ہو چکا ہے۔
شہری تنظیموں نے ڈپٹی کمشنر ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ میجر اکرم شہید نشانِ حیدر کی یادگار کے باہر قائم تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ کو ختم کروایا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔



