پنڈدادنخان میں پولیس کی موک ایکسرسائز، دہشت گردی کے ممکنہ خدشات پر ریپڈ رسپانس ڈرل کا عملی مظاہرہ

8
پنڈدادنخان: ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی پی او پنڈدادنخان سرکل اور پولیس ٹیم کی جانب سے پنجاب کالج للِہ روڈ علاقہ تھانہ پنڈدادنخان میں ایک ہمہ جہت موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔
اس مشق کا مقصد ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانا اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پولیس اور ریسکیو اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو جانچنا تھا۔
موک ایکسرسائز میں ایس ڈی پی او پنڈدادنخان سرکل، ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان کے ہمراہ ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ ڈرل کے دوران ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کالج کی عمارت کا مکمل سیکیورٹی معائنہ کیا گیا۔
ایلیٹ فورس کی جانب سے ریپڈ ایکشن کا عملی مظاہرہ کیا گیا اور عمارت کا کلیئرنس آپریشن مکمل کیا گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فرضی زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا عمل کامیابی سے سرانجام دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے حفاظتی سوئپ اور سرچ آپریشن کیا، جبکہ ٹریفک پولیس نے ایمرجنسی روٹس کی ڈائیورشن اور ٹریفک مینجمنٹ کا عملی نمونہ پیش کیا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ امن و امان کا قیام جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ایسی عملی فرضی مشقیں پولیس فورس کی مہارت میں اضافہ کرتی ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی کو یقینی بناتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔



