بصارت سے محروم پروفیسر ڈاکٹر جنید چوہدری ڈگری کالج ٹاہلیانوالہ کے پرنسپل تعینات

جہلم کے باہمت اور ہونہار استاد پروفیسر ڈاکٹر جنید چوہدری کو ڈگری کالج ٹاہلیانوالہ جہلم میں بطور پرنسپل تعینات کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ سماجی، رفاہی، فلاحی اور صحافتی تنظیموں سمیت علمی و ادبی حلقوں نے اس تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔
ڈاکٹر جنید چوہدری بصارت سے محروم ہونے کے باوجود اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تدریسی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اساتذہ میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی بطور پرنسپل تعیناتی کو نہ صرف ایک مثبت اور حوصلہ افزا اقدام کہا جا رہا ہے بلکہ یہ ثابت کرتا ہے کہ محنت، لگن اور قابلیت کے ذریعے کسی بھی کمی کو کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنایا جا سکتا۔
شہریوں اور طلبہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر جنید چوہدری کی تعیناتی جہلم کے تعلیمی میدان میں ایک نئی مثال ہے۔ وہ نوجوانوں کے لیے عزم، حوصلے اور محنت کا روشن استعارہ ہیں۔
سماجی و صحافتی تنظیموں کے عمائدین نے کہا کہ ڈاکٹر جنید چوہدری کی یہ کامیابی صرف ان کے ذاتی کیریئر کے لیے نہیں بلکہ ضلع جہلم کے لیے بھی ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر جنید اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے ادارے کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔



