پنڈدادنخان پولیس نے خاتون کو مبینہ طور پر بلیک میل کر کے جنسی زیادتی کی کوشش کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا، جس کے بعد ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور ان کی ٹیم نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمہ کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مکمل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کے خلاف جرائم، ہراسگی، بلیک میلنگ اور جنسی زیادتی جیسے سنگین مقدمات میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہلم پولیس خواتین کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
