ہمارا صدیوں پرانا خاندانی نظام آج زوال پذیر ہے، امیر عبدالقدیر اعوان

امیر عبدالقدیر اعوان، شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے عید کا دوسرا دن اپنی فیملی اور قریبی دوستوں کے ساتھ مرکز دارالعرفان منارہ میں گزارا۔

اس موقع پر مہمانوں کی مٹھائی اور چائے سے تواضع کی گئی جبکہ بعد ازاں شاندار دوپہر کے کھانے کا اہتمام کیا گیا جس میں دیسی اور روایتی کھانے شامل تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ ہمارا روایتی خاندانی نظام جو صدیوں سے چلا آ رہا تھا، آج بگاڑ کا شکار ہو چکا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس نظام کو بحال کیا جائے اور خاندان کے افراد کو آپس میں جوڑا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نفرتوں کے بجائے خوشیاں بانٹنی چاہئیں اور خاندانی مسائل کو عدالتوں اور کچہریوں میں لے جانے کے بجائے خاندان کے بزرگوں کے پاس بیٹھ کر حل کرنا چاہیے۔ ایک مضبوط خاندانی نظام ہمارے معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔

مزید گفتگو کرتے ہوئے امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ عید ایک بابرکت دن ہے جسے اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کے لیے پسند فرمایا ہے۔ تاہم خوشی وہی حقیقی خوشی ہوتی ہے جو ضابطوں کے تحت ہو۔ اگر کسی خوشی کے پیچھے کوئی اصول یا ضابطہ نہ ہو تو وہ حقیقی خوشی نہیں رہتی۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے عید کی خوشیوں کا جو طریقہ ہمیں سکھایا، وہی اصل رہنمائی ہے۔ بعض لوگ اپنی زیادتیوں اور ظلم کے نتیجے میں خوشی محسوس کرتے ہیں، لیکن حقیقی خوشی وہی ہے جو اللہ کے احکام اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ہو۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو صحیح شعور عطا فرمائے اور ہمیں حقیقی خوشیوں سے نوازے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button