اسسٹنٹ کمشنر دینہ کا شہر کا تفصیلی دورہ، نرخ ناموں، صفائی اور راشن کارڈز کی تقسیم کا جائزہ لیا

37

دینہ: اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے شہر کا تفصیلی دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، صفائی اور راشن کارڈز کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل، ایم او آئی محمد سہیل اشرف اور انسپکٹر تجاوزات عدیل بٹ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران شہر کے اہم مقامات کا معائنہ کیا گیا اور عوامی سہولیات، صفائی ستھرائی اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے سب سے پہلے جی ٹی روڈ پر قائم ریڑھی بازار کا دورہ کیا، جہاں سبزی اور فروٹ فروشوں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کریں اور اشیائے خوردونوش مقررہ نرخوں پر ہی فروخت کریں۔ اس موقع پر افسران نے دکانداروں کو واضح الفاظ میں متنبہ کیا کہ من مانی قیمتیں وصول کرنے اور نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دورے کے دوران مرغی کے گوشت کی دکانوں اور ٹھیوں کی بھی چیکنگ کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ مرغی پہلے سے ذبح کر کے نہ رکھی جائے اور صفائی ستھرائی کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے، تاکہ عوام کو معیاری اور صحت بخش اشیائے خورونوش میسر آ سکیں۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے پرائمری ہیلتھ سینٹر دینہ کا بھی معائنہ کیا، جہاں صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات اور مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

صفا عابد نے دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے فراہم کیے گئے راشن کارڈز ویسٹ مینجمنٹ کے اہلکاروں میں تقسیم کیے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب صفائی کے عملے سمیت محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور راشن کارڈز جیسے اقدامات اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں ناجائز منافع خوری، تجاوزات اور صفائی کے مسائل کے خاتمے کے لیے ایسے اچانک اور باقاعدہ دورے جاری رکھے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور حکومتی ہدایات پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version