عیدالاضحیٰٰ پر جہلم میں مثالی انتظامات، 12 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، ملک محمد صادق

جہلم: برطانیہ میں مقیم معروف سماجی شخصیت ملک محمد صادق آف یوکے نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع جہلم میں کیے گئے سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور انتظامی اقدامات کو تاریخی اور مثالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران ایسے شاندار، منظم اور مربوط انتظامات دیکھنے کو نہیں ملے۔
اپنے خصوصی بیان میں ملک محمد صادق نے کہا کہ اس سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب پولیس غیر معمولی طور پر متحرک، الرٹ اور عوامی خدمت میں مصروف نظر آئی، جس کے نتیجے میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال مثالی رہی اور شہریوں نے عید کی خوشیاں پرامن ماحول میں منائیں۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی قیادت، حکمت عملی اور مسلسل فیلڈ نگرانی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں افسران کی انتھک محنت اور عوامی خدمت کے جذبے کی بدولت ضلع جہلم میں واضح اور مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی۔
ملک محمد صادق آف یوکے نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کے انتظامات غیر معمولی طور پر مؤثر رہے اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور تلف کرنے کے باعث شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پیرا فورس، بلدیاتی اداروں کے عملے، ریسکیو 1122، ستھرا پنجاب ٹیموں اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کارکنان بھی عید کے ایام میں دن رات متحرک رہے اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیتے رہے۔
ملک محمد صادق نے کہا کہ ان اداروں کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں ضلع جہلم میں صفائی، سکیورٹی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک مثالی ماحول دیکھنے کو ملا، جسے عوام اور اوورسیز پاکستانیوں نے بھی سراہا ہے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو عوام کے لیے اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عوامی خدمت، شفافیت اور بہترین انتظامی روایات کا یہ سلسلہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ ضلع جہلم ترقی، خوبصورتی اور مثالی طرزِ حکمرانی کی جانب مزید پیش رفت کر سکے۔



