جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات، بنیادی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات، دستیاب سہولیات اور ہسپتال کے مجموعی نظامِ کار کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہسپتال میں ایئر کنڈیشننگ کے نظام، صفائی ستھرائی، مرمت و بحالی کے جاری کاموں اور دیگر بنیادی انتظامات کا خصوصی طور پر معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں ضروری مرمت و بحالی کے کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں جبکہ ایئر کنڈیشننگ کا نظام بھی ہر وقت فعال رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے تمام شعبوں میں صفائی ستھرائی کے مطلوبہ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ نگرانی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو صاف ستھرا، مناسب اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
میر رضا اوزگن نے ہسپتال انتظامیہ پر زور دیا کہ مریضوں کو بہتر ماحول اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو مؤثر اور بروقت انداز میں بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے بنیادی سہولیات کی بلا تعطل دستیابی، ضروری مرمت و بحالی، صفائی کے مؤثر انتظامات اور مجموعی سروس ڈیلیوری میں مسلسل بہتری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی انتظامات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کے لیے ہسپتال انتظامیہ کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرتے ہوئے سروسز کے معیار میں مسلسل بہتری لانا ہوگی۔
