جہلم: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جہلم نے ڈی ای او انڈسٹریز کے دفتر میں کارروائی کرتے ہوئے نائب قاصد قدیر کو مبینہ طور پر 50 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کارروائی مجسٹریٹ کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی، جبکہ گرفتار اہلکار کے قبضے سے مبینہ رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق جہلم کے علاقے سنگھوئی کے رہائشی فضل عباس ولد غلام سعید بٹ نے درخواست دی تھی کہ کبیر احمد نامی شخص کی جانب سے پٹرول پمپ کی این او سی جاری کروانے کے لیے اس سے 50 ہزار روپے رشوت طلب کی جا رہی ہے۔
درخواست موصول ہونے پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جہلم نے معاملے کی کارروائی آگے بڑھائی اور مجسٹریٹ کی موجودگی میں چھاپہ مار کارروائی کی۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران نائب قاصد قدیر کو مبینہ طور پر رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے 50 ہزار روپے بھی برآمد ہوئے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور گرفتار ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ حکام نے بتایا کہ معاملے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق سرکاری دفاتر میں رشوت ستانی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور موصول ہونے والی شکایات کی قانون کے مطابق جانچ پڑتال کے بعد ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
