وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام پر شفاف اور موثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو

جہلم: وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام پر عملدرآمد، رجسٹریشن کے عمل اور شہریوں تک فیول ریلیف کی موثر فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی اور ضلع جہلم میں وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام پر عملدرآمد اور فیلڈ سطح پر کیے جانے والے انتظامات سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران فیول سبسڈی پروگرام کے تحت رجسٹریشن، ٹوکن کے اجرا، پٹرول پمپس پر مقررہ طریقہ کار کے مطابق رعایتی فیول کی فراہمی اور ضلعی سطح پر انتظامی نگرانی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ پروگرام پر شفاف اور مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو رجسٹریشن سمیت پروگرام کے مختلف مراحل کے حوالے سے بروقت رہنمائی فراہم کی جائے۔

اجلاس میں متعلقہ اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ اور ضلعی سطح پر مؤثر نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تاکہ فیول سبسڈی پروگرام کے تحت شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ضلع جہلم میں پروگرام پر جاری عملدرآمد، رجسٹریشن کے انتظامات اور فیلڈ سطح پر کیے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے ضلع میں پٹرول پمپس پر پروگرام کے تحت جاری سرگرمیوں اور شہریوں کو فراہم کیے جانے والے فیول ریلیف سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

اجلاس میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ رجسٹریشن سے لے کر ٹوکن کے اجرا اور تصدیق، جبکہ ٹوکن سے فیول ریلیف کی فراہمی تک تمام مراحل کی مسلسل نگرانی کی جائے اور مقررہ طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ذریعے وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں اور شہریوں تک فیول ریلیف کی بروقت، شفاف اور بلا رکاوٹ فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

↑
Exit mobile version