جہلم: گنجان آبادیوں میں قائم کباڑ خانے شہریوں کیلئے عذاب بن گئے، ڈینگی وائرس پھیلنے کا خدشہ لاحق

جہلم: گنجان آبادیوں میں قائم کباڑ خانے شہریوں کے لئے عذاب بن گئے، ڈینگی وائرس پھیلنے کا خدشہ لاحق، شہریوں کاضلعی انتظامیہ سے نوٹس لینے اور کباڑ خانے شہر سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں جابجا گنجان آبادیوں میں درجنوں سے زائد کباڑ خانے قائم ہو چکے ہیں جہاں نہ صرف گندگی کے ڈھیر لگے ہیں بلکہ وہاں مکھیوں مچھروں کی بہتات نظرآتی ہے جس سے ڈینگی وائرس پھیلنے کا خدشہ لاحق ہے۔

واضح رہے کہ کباڑخانوں کے مالکان پرانے ٹائروں اور فلٹرز کو آگ لگا کر لوہا نکالتے ہیں آگ سے فضائی آلودگی پھیلتی ہے، بالخصوص دمہ الرجی کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

محکمہ ماحولیات کے افسران محض خانہ پری کر کے سب اچھا ہے کی رپورٹس اعلیٰ افسران کو بھجو ا دیتے ہیں اگر کوئی افسر کباڑ خانوں کے خلاف کا رروائیاں کرے تو کباڑیے اپنی یونین کی وساطت سے متعلقہ ذمہ داران کے ساتھ معاملات طے کرکے کیس ختم کروا لیتے ہیں۔

عوامی، سماجی، شہری، رفاعی اور فلاحی حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ گنجان آبادیوں میں قائم کباڑ خانوں کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے اور ٹائر جلا کرآلودگی پھیلانے والے افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button