سڑک کنارے شہد اکٹھا کرنے کے کیمپوں نے شہریوں اور مسافروں کی زندگی مشکل بنا دی

سوہاوہ: بہار کے موسم میں شہد کے کاروبار میں تیزی آتی ہے، لیکن اس بار شہد کے کاروبار کرنے والوں کی جانب سے سڑک کنارے کیمپوں کے لگانے سے شہریوں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ شہد کے کاروبار کے لیے لگائے گئے یہ کیمپ پہلے جنگلات میں لگائے جاتے تھے، مگر اس بار ان کیمپوں کو شاہراہوں اور آبادیوں کے قریب لگا لیا گیا ہے، جس کی وجہ سے شہد کی مکھیوں کے حملوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
خصوصاً ڈومیلی روڈ پر درجنوں مقامات پر یہ کیمپ سڑک کے قریب ہونے کی وجہ سے متعدد موٹر سائیکل سواروں پر شہد کی مکھیوں کے حملے ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث مسافروں اور شہریوں کو شدید تکالیف کا سامنا ہے، اور سکول جانے والے بچے بھی خوف و ہراس کا شکار ہو گئے ہیں۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ ان کیمپوں کو فوری طور پر سڑکوں سے دور جنگلاتی علاقوں میں منتقل کرنے کے لیے اقدامات کرے تاکہ مکھیوں کے حملوں سے بچا جا سکے اور شہریوں کی زندگی کو محفوظ بنایا جا سکے۔



