جہلم میں تعلیمی اداروں کی بار بار تعطیلات کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر، والدین میں تشویش

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں سکولوں کی بار بار تعطیلات کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جس پر طلبہ کے والدین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نئی نسل کے بے راہ روی کا شکار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں مسلسل تعطیلات اور تعلیمی نظام میں تعطل کے باعث والدین میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کے تعلیمی سلسلے میں بار بار رکاوٹیں ان کے مستقبل کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
شہریوں کے مطابق تعلیمی اداروں کی غیر ضروری بندش سے طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے جبکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی معمول کے مطابق جاری ہیں، مگر تعلیم کا شعبہ بار بار متاثر ہو رہا ہے، جو پورے معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے۔
والدین کا کہنا ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات بھی قریب ہیں اور اس سے قبل ہی سکولوں کی بندش نے بچوں کو گھروں اور گلی محلوں تک محدود کر دیا ہے۔ ان کے مطابق تعلیمی مصروفیات نہ ہونے کے باعث کئی بچے آوارہ گردی، موبائل فونز اور دیگر غیر مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں غیر ضروری تعطیلات کا سلسلہ ختم کیا جائے اور تعلیمی نظام کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے تاکہ طلبہ کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔



