نوجوان نسل کو جرائم سے محفوظ رکھنا اور قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنا جہلم پولیس کی ترجیحات ہیں، ڈی ایس پی محمد اکرم

جہلم: انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عبدالکریم کے احکامات اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی خصوصی ہدایات پر جہلم پولیس کی جانب سے نوجوان نسل کو جرائم سے محفوظ رکھنے اور ان میں قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں آگاہی مہمات کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ایس ڈی پی او سٹی سرکل محمد اکرم اور ایس ایچ او تھانہ سٹی کی جانب سے گورنمنٹ ہائی سکول میں طلبہ کے لیے خصوصی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔
مہم کے دوران طلبہ کو ٹریفک قوانین کی پابندی، غیر معیاری نمبر پلیٹس کے استعمال کے نقصانات، ڈرائیونگ لائسنس کی اہمیت، منشیات کے مضر اثرات، ون ویلنگ کے خطرات، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال اور دیگر جرائم سے بچاؤ کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔
پولیس افسران نے طلبہ کو بتایا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانوں کی حفاظت کے لیے بھی ضروری ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی یا موٹر سائیکل چلانا اور غیر معیاری نمبر پلیٹس کا استعمال قانونی مسائل کا سبب بن سکتا ہے، لہٰذا نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔
آگاہی مہم کے دوران منشیات کے استعمال کے تباہ کن اثرات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ طلبہ کو بتایا گیا کہ منشیات نہ صرف انسانی صحت کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ تعلیمی کارکردگی، مستقبل اور خاندانی زندگی پر بھی منفی اثرات مرتب کرتی ہیں۔ نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے اور صحت مند و مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی گئی۔
پولیس افسران نے ون ویلنگ کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خطرناک عمل ہے، جو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور سنگین حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ طلبہ پر زور دیا گیا کہ وہ ایسے خطرناک کرتبوں سے اجتناب کریں اور اپنے دوستوں کو بھی اس حوالے سے آگاہ کریں۔
سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے طلبہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں، غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رہیں اور انٹرنیٹ پر کسی بھی غیر ذمہ دارانہ یا نقصان دہ عمل کا حصہ نہ بنیں۔
اس موقع پر طلبہ کو قانون کی پاسداری، مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے اور کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دینے کی ترغیب بھی دی گئی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے مطابق نوجوان نسل کو جرائم سے محفوظ رکھنا اور ان میں قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنا جہلم پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے تعلیمی اداروں میں آگاہی مہمات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ نوجوانوں کو ذمہ دار شہری بنانے اور معاشرے میں امن و امان کے فروغ میں مدد مل سکے۔



