جہلم شہر کے بازاروں، گلی محلوں اور چوک چوراہوں میں ایک بار پھر تجاوزات قائم ہونے لگی ہیں، جس کے باعث مکینوں کا پیدل چلنا محال ہو گیا ہے۔
شہریوں کے مطابق ریڑھی بانوں اور دکانداروں نے انسداد تجاوزات کے لیے تعینات پیرا فورس کو نظر انداز کر کے دکانوں کے باہر سامان اور دیگر تجاوزات قائم کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بازاروں میں پیرا فورس کے معمول کے راونڈ کے بعد بھی دکاندار دوبارہ تجاوزات قائم کر لیتے ہیں، جس سے شہری بالخصوص خواتین اور بچوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شہر کے بازار اور گلی محلوں کو کشادہ بنانے کے خواب کے تحت پیرا فورس قائم کی گئی تھی، لیکن ذمہ داران کی عدم توجہی اور مصلحت کے باعث یہ اقدام ناکام ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شروع کے دنوں میں پیرا فورس نے عمدہ کام کیا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی افادیت کم ہوتی گئی اور ادارے کی کارکردگی “ڈنگ ٹپاو پالیسی” پر منحصر ہو گئی۔ حکومت پنجاب نے کروڑوں روپے کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں فراہم کی تھیں تاکہ بازاروں سے غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے اور پیدل چلنے والے شہری، بالخصوص خواتین اور بچے، آسانی سے حرکت کر سکیں۔
شہریوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ شہر کے بازار، گلیاں اور چوراہے عوام کے لیے محفوظ اور کشادہ ہو سکیں۔
