دینہ میں دوکانوں کے باہر اور نالوں میں گندگی پھینکنے پر دوکانیں سیل

14
دینہ: میونسپل کمیٹی دینہ نے شہر میں صفائی اور ماحولیات کے بہتر انتظام کے لیے اہم کارروائی کرتے ہوئے دوکانوں کے باہر اور نالوں میں گند پھینکنے والے 2 دوکانوں کو سیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میونسپل کمیٹی دینہ کے چیف آفیسر محمد فیصل اور تجاوزات انسپکٹر عدیل بٹ اپنی ٹیم کے ہمراہ ریلوے روڈ اور منگلا روڈ پر جاری نگرانی کے دوران دوکانوں کی غیر ذمہ دارانہ حرکات کا نوٹس لیا۔ انہوں نے کارروائی کرتے ہوئے دوکانوں کو سیل کر دیا اور سخت ہدایت جاری کی کہ تمام دوکاندار شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ڈسٹ بن کا استعمال کریں۔
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل نے کہا کہ آئندہ اگر کوئی بھی دوکاندار اپنی دوکان کے باہر یا نالوں میں گند پھینکتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں اور کاروباری حضرات سے اپیل کی کہ وہ شہر کے صاف ستھرا ماحول کے لیے میونسپل کمیٹی کے اقدامات میں تعاون کریں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
میونسپل کمیٹی کی یہ کارروائی شہر میں صفائی کے معیار کو بلند کرنے اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔ شہریوں نے میونسپل ٹیم کی اس فوری اور موثر کارروائی کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے شہر میں نظم و صفائی برقرار رکھنے میں مدد ملے گی اور شہری بلا خوف و خطر اپنے روزمرہ امور انجام دے سکیں گے۔



