جہلم میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور پولیس سے بدتمیزی پر خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار

جہلم میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ملزمان کو روکا اور ڈرائیونگ لائسنس طلب کیا۔ لائسنس چیک کرنے پر ملزمان نے تعاون کرنے کے بجائے پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی شروع کر دی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے خاتون سمیت تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان پر سرکاری امور کی انجام دہی میں خلل ڈالنے، بدامنی پھیلانے اور پولیس کے ساتھ مزاحمت جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن پر قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے واضح کیا ہے کہ سرکاری فرائض میں رکاوٹ ڈالنے، پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرنے یا قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button