جہلم میں دن دیہاڑے دو موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے سول ہسپتال کے سرجن ڈاکٹر کو فیملی سمیت لوٹ لیا، ڈکیتی کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈکیتی کی واردات گزشتہ روز جہلم میں تھانہ سٹی کے علاقہ مشین محلہ میں پیش آئی۔ سول ہسپتال کے سرجن ڈاکٹر رضوان سے دو مسلح موٹرسائیکل سواروں نے اس وقت لوٹ مار کی جب وہ اپنی اہلیہ اور دو بچوں کے ساتھ گھر آرہے تھے۔ مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پر ڈاکٹر رضوان سے نقدی، موبائل فون اور ان کی اہلیہ سے لاکھوں روپے کے طلائی زیورات لوٹ لئے۔
مسلح موٹرسائیکل سوار ڈاکو ڈکیتی کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعہ کی سی سی ٹی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ ویڈیو میں ملزمان کو لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے، بغیر نمبر پلیٹ کے موٹرسائیکل پر ایک ملزم ماسک پہنے جبکہ دوسرا ملزم ماسک کے بغیر واردات کر کے فرار ہوئے ۔ دونوں ملزمان کی شناخت آسانی سے کی جاسکتی ہے۔
تھانہ سٹی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
