پنڈدادنخان: قصاب جانوروں کی باقیات سڑکوں پر پھینکنے لگے، آوارہ کتے سڑکوں پر ہڈیاں چباتے نظرآنے لگے

پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں جنگل کاقانون نافذ، قصابوں نے ذبح شدہ جانوروں کی باقیات زیر زمین دفن کرنے کی بجائے سڑکوں پر پھینکنا معمول بنالیا، آوارہ کتے سڑکوں پر ہڈیاں چباتے اور غلاظت پھیلاتے نظرآنے لگے، شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں نے ایڈوائزر صوبائی محتسب اعلیٰ پنجاب جہلم سے نوٹس لینے کامطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان کے قصابوں نے جانوروں کو سلاٹر ہا ؤس میں ذبح کرنے کی بجائے گلی محلوں میں ذبح کرنا شروع کررکھا ہے جبکہ جانوروں کی باقیات زیر ِ زمین دفن کرنے کی بجائے ، سڑکوںاور کھلے میدانوں پر پھینک کر چلے جاتے ہیں۔

اس طرح آوارہ کتے جانوروں کی باقیات جن میں آنتیں اور ہڈیاں وغیرہ شامل ہوتی ہیں گھسیٹ کر سڑکوں اور شہر کے گنجان آباد علاقوں میں لے آتے ہیں آوارہ کتوں کے جھنڈ جمع ہونے سے سکولو ں کالجز میں جانے والے طلباء و طالبات ، خواتین اور بزرگ شہریوں کو گزرتے وقت سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ آوارہ کتے جانوروں کی ہڈیاں منہ میں لیکر بازاروں میں داخل ہوجاتے ہیں۔

شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ایڈوائزر صوبائی محتسب اعلیٰ پنجاب جہلم، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان سے نوٹس لینے اور جانوروں کو سلاٹر ہاؤس ذبح کرنے اور جانوروں کی باقیات زیر زمین دفن کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

Exit mobile version