قرآن کریم مکمل ضابطہ حیات ہے، اس پر عمل ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ امیر عبدالقدیر اعوان

لندن: شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا ذاتی کلام ہے، جسے حفاظتِ الٰہیہ نصیب ہے اور یہ انسان کی زندگی کے ہر پہلو میں مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ قرآن کریم دنیا و آخرت کی کامیابی کا ضامن ہے اور اس سے تعلق انسان کو ہدایت اور تقویٰ کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے شہر سوانسی (ویلز) میں منعقدہ سراجا منیرا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کو دیکھنا، پڑھنا، سننا اور اسے اپنے گھروں میں رکھنا باعثِ برکت ہے، تاہم اصل مقصد اس کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے اور اپنی زندگیوں کو اس کے مطابق ڈھالنا ضروری ہے۔
حضرت امیر عبدالقدیر اعوان نے زور دیا کہ قرآن کریم کا وہی ترجمہ اور مفہوم اختیار کیا جائے جو نبی کریم ﷺ نے بیان فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا ہم پر یہ احسان ہے کہ اس نے ہمیں پیدا فرمایا، اب ہمیں اپنے کردار کا جائزہ لینا ہوگا اور اپنی اولاد کو بھی دین کی بنیادی تعلیمات سے آگاہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے نماز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کے مطابق نماز برائی اور بے حیائی سے روکتی ہے، تاہم ہمیں غور کرنا ہوگا کہ اگر ہم نماز ادا کر رہے ہیں تو پھر ہمارے معاشروں سے برائیاں کیوں ختم نہیں ہو رہیں، جس کے لیے اخلاص اور عملی تبدیلی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فرائضِ نبوت میں تزکیۂ نفس بھی شامل ہے اور اللہ تعالیٰ نے غفلت سے بچنے اور اپنی یاد کو مقدم رکھنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی زندگیوں کو سنتِ خیر الانام ﷺ کے مطابق ڈھالنا ہی اصل کامیابی ہے۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے قلبی ذکر کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور شرکاء کو عملی طور پر ذکرِ قلبی سکھایا۔
یاد رہے کہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان ان دنوں برطانیہ کے روحانی دورے پر ہیں، جہاں مختلف شہروں میں سراجا منیرا کانفرنسز اور خصوصی لیکچرز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔


