محبت رسول ﷺ کا تقاضا اتباعِ سنت ہے، دین میں مقررہ حدود سے تجاوز انسان کیلئے نقصان دہ ہے۔ امیر عبدالقدیر اعوان

لندن: قلب انسانی کیفیات کا مرکز ہے۔ اگر انسان کے دل کو نبی کریم حضرت محمد الرسول اللہ ﷺ کی عطا کردہ کیفیات نصیب ہو جائیں تو وہ حق اور باطل میں تمیز کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ محبتِ رسول ﷺ بھی ایک کیفیت اور حال ہے، اور محب ہمیشہ اپنے محبوب کا مطیع ہوتا ہے۔ تمام مخلوقات سے بڑھ کر محبتِ رسول ﷺ ہمارے لیے لازم ہے۔
ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نے لندن میں سالانہ ’’سراجاً منیراً کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر چیز کے لیے اصول اور ضابطے مقرر ہیں۔ اگر انسان صرف اپنی دنیاوی خواہشات کی پیروی کرے تو زندگی میں نظم و ضبط باقی نہیں رہتا۔ عام طور پر کہا جاتا ہے کہ محبت اور جنگ میں سب جائز ہے، لیکن جب انسان کو دنیا کی حقیقت دینی پہلو سے سمجھ آتی ہے اور نبی کریم ﷺ کی اتباع نصیب ہوتی ہے تو اسے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ کریم نے ہر چیز کے لیے حدود و قیود مقرر فرمائی ہیں۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ ہم دنیاوی زندگی میں قوانین کی پابندی کو ضروری سمجھتے ہیں اور ان کے مطابق عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن جب دین کی بات آتی ہے تو اس کے مقرر کردہ احکامات سے تجاوز کرنا درحقیقت اپنے آپ پر ظلم اور اپنے ساتھ زیادتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دینی احکامات خواہ دین سے متعلق ہوں یا دنیاوی امور سے، جب بھی ان احکامات کو چھوڑا گیا تو معاشرہ انحطاط کا شکار ہوا۔ اس کے برعکس جہاں ان پر عمل کیا گیا، وہاں معاشرتی بہتری، ترقی اور انسانی فلاح کے راستے ہموار ہوئے، چاہے وہ غیر مسلم معاشرہ ہی کیوں نہ ہو۔ صدیوں کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ قرآن کریم کے بیان کردہ اصولوں اور انسانوں کے بنائے ہوئے قوانین کا جائزہ لیا جائے تو اللہ کریم کے بتائے ہوئے اصولوں کی برتری واضح ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کریم کی محبت حاصل کرنے کے لیے نبی کریم ﷺ کی اتباع ضروری ہے۔ اتباعِ رسول ﷺ کا انعام یہ ہے کہ بندہ اللہ کریم کو اپنا محبوب بنانے کی خواہش رکھتا ہے تو اللہ کریم اسے اپنا محبوب بنا لیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی محبت بھی اللہ کی عطا ہے، تاہم بندے کے اندر طلبِ صادق کا ہونا شرط ہے۔
یاد رہے کہ امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ کینیڈا، امریکہ اور انگلینڈ کے دورے پر تھے، جہاں مختلف شہروں میں کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا اور انہوں نے شرکاء سے خطابات کیے۔ دورے کے دوران مختلف کمیونٹیز سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ لندن میں منعقد ہونے والی سالانہ ’’سراجاً منیراً کانفرنس‘‘ اس دورے کا آخری پروگرام تھا۔
کانفرنس کے اختتام پر امیر عبدالقدیر اعوان نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، اتفاق اور خیر و عافیت کے لیے خصوصی دعا بھی فرمائی۔



