ضلع جہلم میں ای او بی آئی کے پنشنرز شدید مالی مشکلات کا شکار

جہلم میں ای او بی آئی کے پنشنرز بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث شدید معاشی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں اور موجودہ پنشن کو ناکافی قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سابق ناظم یونین کونسل جلالپور شریف سید وقار حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای او بی آئی کے پنشنرز کو ملنے والی ساڑھے گیارہ ہزار روپے ماہانہ رقم میں گھر کے اخراجات، ادویات اور دیگر ضروریات پوری کرنا ناممکن ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں محنت کشوں نے اپنی زندگی بھر قومی اداروں میں خدمات انجام دیں اور اپنی تنخواہوں سے باقاعدہ کٹوتیاں بھی کروائیں، مگر آج بڑھتی مہنگائی کے دور میں ملنے والی پنشن اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔
سید وقار حیدر کے مطابق ماضی میں علاج معالجہ اور دیگر بنیادی سہولیات میسر تھیں جبکہ مہنگائی بھی کم تھی، جس سے سفید پوش طبقہ کسی نہ کسی طرح گزارا کر لیتا تھا، تاہم اب بیشتر سہولیات ختم ہو چکی ہیں اور اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں بجلی کے بل، ادویات، شادی بیاہ اور دیگر ضروری اخراجات ساڑھے گیارہ ہزار روپے میں پورے کرنا ممکن نہیں، بلکہ بعض اوقات ایک وقت کی روٹی میسر ہو تو دوسرے وقت فاقہ کرنا پڑتا ہے۔
پنشنرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے تناسب سے پنشن میں فوری اضافہ کیا جائے اور بنیادی سہولیات بحال کی جائیں تاکہ وہ اپنی بقیہ زندگی باعزت طریقے سے گزار سکیں۔



