جہلم پریس کلب کی جنرل سیکرٹری کی نشست پر صائمہ سحر منتخب

جہلم پریس کلب کا ایک اہم اجلاس صدر مہر محمد الیاس کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں صحافی برادری نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت مفتی شیر خان نے حاصل کی، جبکہ بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کرنے کا شرف سید ناصر محمود کو حاصل ہوا۔ اجلاس کی کارروائی چوہدری تصور حسین نے بطور جنرل سیکرٹری انجام دی۔
اجلاس کے دوران سرپرستِ اعلیٰ راجہ جہانزیب خان ترک نے جنرل سیکرٹری کی خالی نشست کے لیے قرارداد پیش کرتے ہوئے جہلم کی واحد خاتون صحافی صائمہ سحر کو اس اہم ذمہ داری کے لیے نامزد کرنے کی تجویز دی، جسے ایوان نے بھاری اکثریت سے منظور کر لیا۔
اس موقع پر معروف سینئر صحافی حاجی مخدوم حسین چوہدری اور غلام عباس شہزاد بٹ نے جہلم پریس کلب میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے صحافتی اتحاد، تنظیمی استحکام اور پیشہ ورانہ یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
نو منتخب جنرل سیکرٹری صائمہ سحر نے اپنے خطاب میں پریس کلب کے تمام اراکین کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو پوری دیانت، خلوص اور غیر جانبداری کے ساتھ نبھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور جہلم پریس کلب کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔
اجلاس میں صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی، چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود، سابق صدر و سینئر صحافی محمد امجد بٹ، بانی چیئرمین سید اکرم حسین بخاری، نائب صدر مرزا قدیر بیگ، فضل خان، عبدالرحمن قادری، سید مستفیض اقبال بخاری، ڈیجیٹل میڈیا کے صدر انیس الرحمن بٹ، ملک آصف سمیت پریس کلب کے دیگر عہدیداران اور صحافی بھی شریک ہوئے۔
شرکاء نے صائمہ سحر کو جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں جہلم پریس کلب مزید فعال، متحد اور صحافتی اقدار کے فروغ کا مضبوط مرکز بن کر ابھرے گا۔
اجلاس خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جہاں صحافیوں نے باہمی اتحاد، پیشہ ورانہ وقار اور تنظیمی استحکام کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔



