ٹریفک قوانین کے نفاذ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا، ڈی پی او جہلم

5

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس میں ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز، ریڈر ڈی پی او، انچارج لیگل برانچ اور پی آر او نے شرکت کی۔

میٹنگ میں ٹریفک قوانین کے موثر نفاذ، شہریوں کی سہولت، اور منشیات فروشی کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈی پی او جہلم نے کہا کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا اور شہریوں میں ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیے پولیس کی جانب سے چلائی جانے والی مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تھانوں کی سطح پر منشیات فروشوں، سپلائرز اور ڈیلرز کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ بس اڈوں، رہائشی علاقوں اور تعلیمی اداروں کے قریب مشکوک سرگرمیوں کی خصوصی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔

ڈی پی او جہلم نے واضح کیا کہ منشیات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

ایس ڈی پی اوز کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا گیا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور منشیات فروشی کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں تاکہ ضلع جہلم کو ایک محفوظ اور قانون پسند ضلع بنایا جا سکے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو نے مزید کہا کہ شہریوں کی حفاظت، قانون کی عملداری، اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پولیس ہر سطح پر فعال اقدامات اٹھائے گی اور کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Exit mobile version