ریسکیو 1122 جہلم کی ماہ فروری میں شاندار کارکردگی، 2072 افراد کو ریسکیو کیا


جہلم: فروری 2025 کے دوران ریسکیو 1122 نے مجموعی طور پر 2072 افراد کو ریسکیو کیا۔ اس دوران ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر 6586 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 2096 ایمرجنسی کالز تھیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد کے مطابق ماہ فروری میں 319 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے جبکہ مجموعی طور پر 84 افراد مختلف ایمرجنسیز کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو 1122 جہلم نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور 1341 مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
ایمرجنسی کیٹیگریز میں 2096 کالز میں سے 319 ٹریفک حادثات، 1457 میڈیکل ایمرجنسیز، 44 آگ لگنے کے واقعات، 15 کرائم کیسز، ایک چھت گرنے کا واقعہ اور 260 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔ ماہ فروری میں 84افراد مختلف ایمرجنسیزمیں جان کی بازی ہار ے، جن میں زیادہ تر میڈیکل ایمرجنسیز تھیں۔
ریسکیو 1122 جہلم نے فروری کے دوران اوسطاً 8 منٹ کے بہترین رسپانس ٹائم کو برقرار رکھا۔
کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت ریسکیو 1122 نے مختلف اسکولز، کالجز اور اداروں میں فرسٹ ایڈ اور فائر سیفٹی کی تربیت فراہم کی۔ اس کے علاوہ، یونین کونسل کی سطح پر کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کی تشکیل کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ سکاؤٹس کے لیے CADRE ٹریننگ کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت ریسکیو 1122 نے ضلع جہلم سے 71 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے ہسپتالوں میں منتقل کیا تاکہ انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے ریسکیورز کی کارکردگی کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم ہر وقت آفات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بہترین سروسز فراہم کر رہی ہے۔



