جہلم: ڈی ایف او کامران کاظمی پروموٹ ہوکر کنزرویٹر بہاولپور تعینات

جہلم: ڈویژنل فارسٹ آفیسر (DFO) جہلم محمد کامران کاظمی کو ترقی دے کر کنزرویٹر کے عہدے پر فائز کر دیا گیا ہے اور انہیں بہاولپور میں نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محمد کامران کاظمی کی اعلیٰ کارکردگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں کنزرویٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی ترقی اللہ رب العزت کا خاص کرم اور اُن کے افسران کے اعتماد کا نتیجہ ہے، جس پر وہ آئندہ بھی پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
محمد کامران کاظمی نے کہا کہ وہ اپنے رب کے شکر گزار ہیں، اور اس کامیابی کو اپنے والدین، دوست احباب اور ان تمام افراد کی دعاؤں کا ثمر قرار دیا جنہوں نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ جہلم میں اپنی تعیناتی کے دوران گزارا گیا وقت ان کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران نے ہر قدم پر ان کی رہنمائی کی اور ماتحت عملے نے مثالی تعاون فراہم کیا۔
سابق ڈی ایف او جہلم نے جہلم کے عوام، سٹاف اور دیگر تمام حلقوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے ساتھ محبت اور خلوص کا مظاہرہ کیا۔



