ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنانے کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہنگامی اقدامات کرنا ہونگے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ جہلم شہر میں ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنانے کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔
یہ بات انہوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے اور پنجاب حکومت کے صفائی سے متعلقہ اہداف کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہریوں کی صفائی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک منظم طریقہ کار واضح کیا جائے اور ہیلپ لائن 1139 کو جلد از جلد متحرک کر کے عوام کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
اس موقع پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو شہر میں جاری صفائی مہم اور زیرو ویسٹ ایکٹیویٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کمپنی افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ جہلم شہر کو صاف ستھرا اور ماڈل شہر بنایا جا سکے۔



