جہلم: ڈپٹی کمشنرسیدہ رملہ علی چینی سمیت اشیاء خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی ختم کروانے کے لیے انتظامیہ کومتحرک کریں، خفیہ اداروں کی معلومات پر کریک ڈاؤن کا آغاز کیاجائے تاکہ گران فروشی اور مہنگائی کاخاتمہ ممکن ہوسکے، شہری تنظیموں نے نوتعینات ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے اور کارروائیاں کرنے کامطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت تحصیل دینہ، تحصیل سوہاوہ اورتحصیل پنڈدادنخان میں تاجروں نے گوداموں میں چینی ، چاول، گندم، دالیں ، گھی سمیت دیگر اجناس گوداموں میں محفوظ کررکھی ہیں اور قلت پیدا کرکے تاجر مہنگے داموں اشیاء فروخت کرتے ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انتظامیہ گوداموں کوسیل کرکے اشیاء خوردونوش سرکاری تحویل میں لیں اورزخیرہ اندوزی کرنے والے تاجروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کریں تاکہ مہنگائی کاخاتمہ ممکن ہوسکے۔
شہری تنظیموں کااس حوالے سے کہنا ہے کہ تاجروں نے گنجان آباد علاقوں اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں گھر کرائے پر لے رکھے ہیں جبکہ بعض نے اپنے ذاتی گھر تعمیر کررکھے ہیں جہاں پر اشیاء خوردونوش کو محفوظ کرکے اشیاء کی قلت پیدا کردی جاتی ہے تاکہ مہنگی اشیا فروخت کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ سبزی فروٹ کے تاجروں نے کولڈ سٹوریج بنارکھے ہیں اور بعض تاجر سال بھر کیلئے کولڈسٹوریج بک کرلیتے ہیں جہاں سبزیاں فروٹ سٹور کرلیے جاتے ہیں اس طرح اشیاء کی قلت پیدا کرکے مہنگے داموں فروخت کی جاتی ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے اور بلاتفریق کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
