ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کا احاطہ میدان جنگ بن گیا، 6 افراد زخمی، 9 گرفتار

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کا احاطہ دو فریقین کے درمیان تصادم کے باعث میدانِ جنگ بن گیا، جہاں دونوں گروپوں کے درمیان ڈنڈوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ جھگڑے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی جبکہ پولیس نے 9 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان ابتدا میں جی ٹی ایس چوک جہلم میں جھگڑا ہوا، جس کے بعد دونوں گروپ میڈیکل کروانے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال جہلم پہنچے۔ تاہم اسپتال کے احاطے میں دونوں فریقین ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے اور جھگڑا شروع ہوگیا۔
واقعے کے دوران کینٹ چوک بھی کافی دیر تک میدانِ جنگ بنا رہا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ جھگڑے کے دوران ڈنڈوں اور مکوں کے استعمال سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق دونوں گروپ آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں اور معمولی تنازع کے بعد جھگڑا شروع ہوا۔ ڈی ایس پی سٹی محمد اکرم اور ایس ایچ او سٹی چوہدری اللہ دتہ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پالیا اور 9 افراد کو گرفتار کرلیا۔
واقعے کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور کینٹ چوک میں ہونے والے تصادم کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق زخمیوں کا میڈیکل کروانے کے بعد واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



