جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے جہلم کی تاریخی لاجپت رائے لائبریری کا دورہ کیا اور وہاں جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے لائبریری کی عمارت کی بحالی، جدید لائٹنگ سسٹم اور فنشنگ کے کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ لاجپت رائے لائبریری جیسے تاریخی علمی اثاثے کو محفوظ بنانا اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائبریری کی بحالی کا مقصد نئی نسل میں مطالعے کا ذوق اجاگر کرنا اور علم دوستی کو فروغ دینا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی عملے کو ہدایت کی کہ لائبریری میں آنے والے طلبہ اور قارئین کے لیے آرام دہ نشستوں کے انتظامات کیے جائیں اور کتابوں کی کیٹلاگنگ کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید سہولیات کی فراہمی سے طلبہ اور نوجوانوں کو کتب بینی اور مطالعے کی جانب راغب کیا جا سکے گا۔
انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ مٹیریل کے استعمال میں کسی قسم کی کمی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام کام مقررہ معیار اور طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔
دورے کے اختتام پر تعمیراتی کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ عملے کو پابند کیا گیا کہ لائبریری کے اندرونی اور بیرونی حصوں کی صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ لائبریری کو جلد از جلد فعال کیا جائے تاکہ شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو مطالعے کے لیے ایک پُرسکون اور آئیڈیل ماحول میسر آ سکے اور وہ کتابوں کے ساتھ اپنا رشتہ مزید مضبوط کر سکیں۔
