جہلم شہر میں چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنادیں

جہلم شہر میں چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنادیں ، حادثات اور ٹریفک جام جیسے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر بھر کی سڑکوں چوک چوراہوں پررکشہ ڈرائیوروں نے خود ساختہ سٹینڈ بنا لیے جس کی وجہ سے حادثات اور ٹریفک جام کے مسائل بڑھ گئے ہیں۔ شاندار چوک، تحصیل روڈ، ریلوے روڈ ، اولڈ جی ٹی روڈ، جادہ چوک اور روہتاس روڈ چوک پر خود ساختہ اسٹینڈ بنا رکھے ہیں جس کی وجہ سے عام شہریوں کو پیدل چلنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
رکشہ ڈرائیورز جہاں من چاہے اپنا رکشہ کھڑا کر کے سواریاں اتارتے اور بٹھاتے نظر آتے ہیں یہاں تک کے سڑک کنارے ایک ہی ٹائم میں دو سے تین رکشے کھڑے کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے اور روزانہ کی بنیاد پرطویل دورانیے تک ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے بلکہ عام شہریوں کی رکشہ ڈرائیوروں سے توں تکرار بھی ہو جاتی ہے۔
دوسری طرف حکومت پنجاب نے ٹریفک پولیس ملازمین کو موٹر سائیکل سواروں کے زبردستی لائسنس بنانے پر لگا دیا ہے۔ ٹریفک پولیس ملازمین بجائے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے موٹر سائیکل سواروں لائسنس کےلیے راغب کرتے دکھائی دیتے ہیں۔



