جہلم میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ایکشن، 2800 سے زائد لیٹر ناقص دودھ تلف کردیا

جہلم میں فوڈ اتھارٹی کی ناکہ لگا کر دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ، پنجاب فوڈ اٹھارٹی نے ناقص اور مضرصحت دودھ کی متعدد گاڑیاں پکڑ لیں، 2800 سے زائد لیٹرز دودھ تلف کر کے ہزاروں روپے جرمانے کیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ جی ٹی روڈ جہلم پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناکے لگا کر دو درجن کے قریب دودھ بردار گاڑیوں میں موجود ہزاروں لیٹر دودھ کو چیک کیا جبکہ 2 ہزار 830 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر کے 84 ہزار روپے جرمانے عائد کیے۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ پر ناکے لگا کر دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، 19 دودھ بردار گاڑیوں سے 22 ہزار لیٹر دودھ چیک کیا گیا۔ 6 دودھ بردار گاڑیوں کو 84 ہزار کے جرمانے عائد کئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دودھ بردار گاڑیوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جاتا ہے۔ دودھ جیسی نعمت میں کسی قسم کی ملاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، اس میں ملاوٹ اور ناقص سپلائی پر دودھ بردار گاڑیوں و دکانوں کو بھاری جرمانے کیے گئے ہیں۔



