جہلم میں روٹی کی قیمت میں اضافہ، سرکاری نرخ نامہ نظرانداز، شہری اور دیہاڑی دار شدید متاثر

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں روٹی کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس حکومت پنجاب کے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 14 روپے سرکاری نرخ والی روٹی 20 سے 25 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، جس کے باعث مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہری مزید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ دیہاڑی دار اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والا طبقہ اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ منافع خوروں کی من مانیاں عروج پر ہیں اور سرکاری نرخ نامہ محض کاغذی کارروائی بن کر رہ گیا ہے، جبکہ عملی طور پر کہیں بھی اس پر عملدرآمد نظر نہیں آتا۔
دوسری جانب تندور مالکان کا مؤقف ہے کہ آٹا اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا، جس کی وجہ سے انہیں قیمت بڑھانا پڑ رہی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فوری نوٹس لے اور آٹے کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے سرکاری ریٹ پر عملدرآمد کروایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



