پنڈدادنخان میں 14 سالہ لڑکا برساتی پانی میں ڈوب کر جاں بحق

پنڈدادنخان کے نواحی علاقے میں 14 سالہ لڑکا برساتی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے نواحی گاؤں غریبوال میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 14 سالہ معیز ولد نعیم گوندل برساتی پانی میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ معیز اپنے دوستوں کے ساتھ نہا رہا تھا جب اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور واپس نہ آ سکا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے لاش نکال لی۔ گاؤں میں کہرام مچ گیا اور فضاء سوگوار ہو گئی۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ محکمہ انہار کی جانب سے نالے کی مرمت اور صفائی کا کام پچھلے ایک سال سے بند ہے، جس کے باعث علاقے میں ہر سال سیلابی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ "گزشتہ سال بھی غریبوال میں تباہی ہوئی، اور اب ایک معصوم جان چلی گئی۔”
اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات کیے جاتے اور برساتی نالے کی صفائی و مرمت کی جاتی تو یہ قیمتی جان ضائع نہ ہوتی۔



