بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا خصوصی اجلاس

جہلم: مون سون بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور دیگر ہنگامی حالات کے پیش نظر ضلعی سطح پر تیاریوں اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ریسکیو 1122، ہیلتھ، سول ڈیفنس، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دستیاب وسائل، مشینری، افرادی قوت، ریسکیو اقدامات اور بین الادارہ جاتی رابطہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران ہمہ وقت الرٹ رہیں اور پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ، بروقت امدادی کارروائیوں اور عوامی سہولیات کی فوری بحالی کیلئے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اجلاس کے دوران نشیبی علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ، نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے، ایمرجنسی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور فوری رسپانس سسٹم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل باہمی رابطہ اور ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

Exit mobile version