جہلم کے شہری سوئی گیس کے شدید بحران کا شکار، زندگی اجیرن ہو گئی

جہلم کے شہری سوئی گیس کے شدید بحران کا شکار ہیں۔ گیس کے کم پریشر ، اعلانیہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کئی کئی گھنٹےگیس کی بندش نے صارفین کی زندگیاں اجیرن بنادی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے شہری سوئی گیس کے شدید بحران کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں کم پریشر، اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کئی کئی گھنٹے کی گیس کی بندش نے صارفین کی روزمرہ زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ صبح و شام کے اوقات میں، جب گھروں میں ناشتہ اور کھانا تیار کرنے کا وقت ہوتا ہے، سوئی گیس بالکل غائب ہو جاتی ہے، جس کے باعث بچوں کو اسکول بھیجنا اور ملازمت پیشہ افراد کے لیے دفاتر جانے کی تیاری شدید متاثر ہو رہی ہے۔ خواتین گھروں میں کھانا پکانے سے قاصر ہیں، جس سے گھریلو بجٹ پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔

بحران کے دوران شہری متبادل ذرائع جیسے ایل پی جی اور لکڑی کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جو نہ صرف مہنگا بلکہ خطرناک بھی ہے۔ گیس کی مسلسل بندش کے باوجود بل باقاعدگی سے وصول کیے جا رہے ہیں، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ سوئی گیس کی یہ صورتحال پچھلے کئی ماہ سے برقرار ہے اور محکمہ سوئی گیس کی طرف سے ابھی تک کوئی مؤثر تدارک نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Exit mobile version