شہری دفاع کی تربیت امن اور جنگ دونوں حالات میں انتہائی ضروری ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: شہری دفاع کی تربیت امن اور جنگ دونوں حالات میں انتہائی ضروری ہے، نوجوانوں کو سول ڈیفنس کی ٹریننگ دے کر معاشرے کا ایک مفید شہری بنایا جا سکتا ہے جو آنے والے وقت میں ملک و قوم کے لیے اثاثہ ثابت ہوں گے۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے گورنمنٹ الطاف حسین ہائی سکول میں عالمی یومِ سول ڈیفنس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں سول ڈیفنس جہلم کی جانب سے سکول کے طلبہ کو سول ڈیفنس کی خصوصی ٹریننگ فراہم کی گئی، جس کے بعد طلبہ نے عملی مظاہرہ کیا۔

اس دوران طلبہ نے آگ بجھانے، بلڈنگ سے اترنے، ایمرجنسی صورتحال میں مریضوں کو ریسکیو کرنے، دہشت گردی کی صورت میں اپنے تحفظ کو یقینی بنانے سمیت دیگر اہم امور پر اپنی تربیت کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے طلبہ کی سول ڈیفنس ٹریننگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سول ڈیفنس کے عملے کو شاباش دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تربیت نوجوانوں میں نہ صرف اعتماد پیدا کرتی ہے بلکہ انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دینے کے قابل بھی بناتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر ٹریننگ مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ سول ڈیفنس کے عملے کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں شیلڈز دی گئیں۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ، والدین اور سول ڈیفنس کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی اور طلبہ کی کارکردگی کو سراہا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button