ہوٹلز، میرج ہالز اور مارکیز میں ناقص صفائی اور مضر صحت کھانوں کی فروخت عروج پر


جہلم شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف ہوٹلز، میرج ہالز، میرج گارڈنز اور مارکیز میں ناقص صفائی اور مضر صحت کھانوں کی فروخت کا کاروبار دھڑلے سے جاری ہے، جس کے باعث شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے گنجان آباد علاقوں اور جی ٹی روڈ پر قائم ہوٹلز، میرج ہالز، میرج گارڈنز اور مارکیز میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور مضر صحت کھانوں کی فروخت بلا روک ٹوک جاری ہے۔ ہوٹل مالکان معیار اور حفظان صحت کے اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے محض پیسہ کمانے میں مصروف ہیں جبکہ غیر معیاری اور غیر صحت بخش کھانے کی وجہ سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب ہوٹلز اور میرج ہالز کی بھرمار کے سبب تجاوزات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کے لیے پیدل چلنا بھی محال ہو گیا ہے۔ ہوٹل مالکان نے تندور اور کھانے پکانے کے دیگر سٹالز گلیوں میں قائم کر رکھے ہیں، جس کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ اردگرد کا ماحول بھی آلودہ ہو رہا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ انتظامیہ کی خاموشی نے شہریوں میں مایوسی پیدا کر دی ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے اور سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور معیاری کھانا میسر آ سکے۔



