جہلم میں نانبائیوں کی من مانیاں جاری، روٹی سرکاری نرخ کے بجائے مہنگے داموں فروخت ہونے لگی

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں نانبائیوں اور تندور مالکان کی جانب سے مبینہ طور پر ایکا کرتے ہوئے روٹی سرکاری نرخوں کے بجائے من مانے داموں فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں جس کے باعث غریب اور سفید پوش طبقہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں تندور مالکان سرکاری نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں نہیں کر رہے اور روٹی مقررہ قیمت کے بجائے زائد نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی پہلے ہی عوام کی کمر توڑ چکی ہے اور ایسے میں روٹی جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں اضافہ ظلم کے مترادف ہے۔
غریب اور نادار طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ دیہاڑی کمانے والے مزدور کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انتظامیہ نے فوری کارروائی نہ کی تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ باقاعدہ چیکنگ کا نظام مؤثر بنائے، سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



