جہلم میں روٹی اور نان کی قیمتوں میں من مانا اضافہ، شہری پریشان

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں روٹی اور نان کی قیمتوں میں مبینہ طور پر من مانا اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث گراں فروش کھلے عام عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔

عیدالاضحیٰ کے ابتدائی چار روز کے دوران متعدد تندوروں اور ہوٹلوں پر عام روٹی دستیاب نہیں تھی اور صارفین کو صرف نان فروخت کیا جاتا رہا۔ عید کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد روٹی اور نان کی قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

شہریوں کے مطابق عام روٹی، جو پہلے 14 روپے میں فروخت ہو رہی تھی، اب 20 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ نان کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجود روٹی اور نان کا وزن بھی مقررہ معیار کے مطابق نہیں رکھا جا رہا۔

شہریوں کا مؤقف ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اس دور میں روٹی جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں اضافہ غریب اور سفید پوش طبقے کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم، اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پیرا فورس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ روٹی اور نان کی قیمتوں اور وزن کی فوری جانچ پڑتال کی جائے، سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی ریلیف کے وژن کے مطابق بنیادی اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے تاکہ غریب اور سفید پوش طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور انہیں اپنے اہل خانہ کے لیے مناسب قیمت پر روٹی میسر آ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button