مستحق افراد کا خیال رکھا جائے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں، سید وقار حیدر

پنڈدادنخان: سید وقار حیدر نے کہا ہے کہ رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ رمضان المبارک اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور عیدالفطر کی آمد قریب ہے، اس موقع پر یتیموں، بیواؤں، بے آسرا افراد اور دیگر مستحقین کی ضروریات کا بھی خصوصی خیال رکھا جانا چاہیے تاکہ وہ بھی عید کی حقیقی خوشیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔

سابق چیئرمین یونین کونسل جلالپور شریف سید وقار حیدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ماہِ صیام کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں شبِ قدر کو تلاش کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ رمضان المبارک کے آخری ایام اللہ تعالیٰ کی عبادت میں گزارے جائیں تاکہ ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکیں۔

سید وقار حیدر نے کہا کہ اس موقع پر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اسلام کی سربلندی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی جائیں تاکہ عالم اسلام کے مسلمان متحد ہو کر صیہونی قوتوں کا مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مسلم ممالک کے حکمران اللہ تعالیٰ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں تو آج بھی عالم اسلام میں صلاح الدین ایوبی، حضرت خالد بن ولید اور محمد بن قاسم جیسے عظیم سپہ سالاروں کی کمی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسی وقت ممکن ہے جب مسلم ممالک کے حکمران اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر صرف اسلام کی سربلندی کے لیے جدوجہد کریں۔ سید وقار حیدر نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ہمسایہ مسلم ملک ایران پر کی جانے والی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس مسلط جنگ کے باعث عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔

Exit mobile version