ڈی سی جہلم کی جانب سے بہترین کارکردگی دکھانے والے ریسکیورز میں اعزازی سرٹیفکیٹس تقسیم

جہلم: ضلع کونسل ہال جہلم میں ریسکیو 1122 کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کی۔

تقریب میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز میں اعزازی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے انعقاد اور ریسکیورز کی حوصلہ افزائی کے لیے چیف ایڈیٹر جذبہ نیوز راحیل خلیل کی خصوصی کاوش کو بھی سراہا گیا۔

اس موقع پر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کے توصیف بیگ، صدر چیمبر آف کامرس زاہد حسین بٹ، چوہدری عتیق، چوہدری یاسر، سماجی کارکنان اور صدر الصدیق ویلفیئر ٹرسٹ سعید احمد سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے شرکاء نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی محنت، لگن، فرض شناسی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز میں سرٹیفکیٹس کی تقسیم کو ان کی خدمات کے اعتراف اور مزید حوصلہ افزائی کے لیے اہم اقدام قرار دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ریسکیو 1122 کے ریسکیورز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیورز مشکل اور ہنگامی حالات میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ریسکیورز پر زور دیا کہ وہ اسی جذبے، لگن اور محنت کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں جاری رکھیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز کو مبارکباد دی اور انہیں مستقبل میں بھی اسی عزم اور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھنے کی تلقین کی۔

Exit mobile version