سوہاوہ: صفائی ورکرز معاشرے کے حقیقی ہیروز ہیں، اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر

سوہاوہ: عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات اور شاندار کارکردگی پر ستھرا پنجاب سوہاوہ کے اعزاز میں عید ملن اور اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صفائی آپریشن کے دوران خدمات انجام دینے والے ورکرز اور عملے کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر، ڈی ایس پی اکرام اللہ خان نیازی، سی ای او میونسپل کمیٹی سوہاوہ، ایریا سپروائزر نیر عباس، تحصیل منیجر شمائل، سُتھرا پنجاب ایجنسی کے افسران، سپروائزرز، فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز، اسسٹنٹ مانیٹرنگ آفیسرز، سینیٹری ورکرز اور شہر کی دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات پر سُتھرا پنجاب سوہاوہ کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صفائی عملے نے عید کے تینوں دن دن رات محنت کرکے شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے سینیٹری ورکرز قابلِ ستائش ہیں۔

تقریب کے دوران عید کی خوشیوں کو منانے کے لیے کیک بھی کاٹا گیا جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ورکرز، سپروائزرز اور افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ مخیر حضرات کے تعاون سے ہر ورکر کے لیے دو ہزار روپے نقد انعام کا بھی اہتمام کیا گیا، جسے شرکاء نے خوش آئند قرار دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی کے مثالی انتظامات سُتھرا پنجاب ایجنسی کے عملے کی محنت، لگن اور ذمہ داری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ورکرز معاشرے کے حقیقی ہیروز ہیں جو ہر موسم اور ہر موقع پر عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہیں۔

تقریب کے شرکاء نے سُتھرا پنجاب سوہاوہ کے تمام سینیٹری ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف ملازمین کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں بلکہ انہیں مزید محنت اور لگن سے فرائض انجام دینے کا جذبہ بھی فراہم کرتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کی تواضع ریفریشمنٹس سے کی گئی جبکہ تمام حاضرین نے عید کی خوشیاں ایک دوسرے کے ساتھ بانٹتے ہوئے سُتھرا پنجاب سوہاوہ کی کامیاب کارکردگی کو سراہا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button