ضلع جہلم میں جلد روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، بلال اظہر کیانی

دینہ: بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کئی دہائیوں کے پرانے عوامی مطالبات پورے کر رہی ہے اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کی خدمت کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے چک اکا سے ڈھوک اعوان لنک روڈ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عوام نے جھوٹ بولنے والوں کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل حل ہونے کے بعد ضلع جہلم میں روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ ہمارے بچے، بیٹیاں اور بیٹے اپنے علاقے میں ہی روزگار حاصل کر سکیں۔ شہیدوں اور غازیوں کا ضلع جہلم ایک مثال قائم کرتا ہے جس نے ملک کی خدمت میں کوئی کمی نہیں چھوڑی۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں ضلع جہلم کی تینوں تحصیلوں میں بے شمار ترقیاتی کام مکمل کیے گئے، جن میں مختلف گاؤں تک سڑکیں، واٹر سپلائی کے منصوبے، ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کے اقدامات، کسان کارڈ اور ٹریکٹر تقسیم کرنا شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب اقدامات وزیراعظم میاں شہباز شریف، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور قائد میاں نواز شریف کے وژن اور ہدایات کے مطابق اٹھائے جا رہے ہیں اور عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

بلال اظہر کیانی نے ضلع جہلم میں سیوریج کے لیے اربوں روپے کی سکیم کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ میرے اور میرے والد میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی کی سفارش پر منظور ہوا، اور کام اگلے سال دینہ اور جہلم میں شروع ہو جائے گا۔ بنیادی مسائل کے حل کے بعد اگلے مرحلے میں ضلع جہلم میں مزید روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو اپنے علاقے سے باہر جانے کی ضرورت نہ پڑے۔

افتتاحی تقریب میں کوآرڈینیٹر راجہ علی، ملک صداقت، ملک حمید اعوان، انسپکٹر ملک اعجاز اختر، ملک طاہر اور دیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں ملک صداقت حسین اور ملک کاشف نے بلال اظہر کیانی کا شکریہ ادا کیا۔

Exit mobile version