پلاسٹک شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی کی مہم، نئے بائیو ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ کی فراہمی کا مطالبہ

پڑی درویزہ: پلاسٹک شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی کی مہم کامیابی سے جاری ، متبادل بائیو ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ مارکیٹوں سے واپس لے کر انتظامیہ کو نئے بائیو ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ فراہم کرنے کا مطالبہ ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے جاری احکامات کے نتیجہ میں شہر و دیہات میں موجود سبزی ، فروٹ ، کریانہ کی دوکانوں پرپلاسٹک شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی کے لئے حکومتی انتظامیہ متحرک ہے ۔ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہات کے دوکاندار بھی صارفین کو کپڑے کے تھیلے ساتھ لانے پرمجبور کر رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ عرصہ دراز سے گھریلو کپڑے کے بنے تھیلوں کا سلسلہ زیر استعمال نہیں ہے ۔ حکومتی اعلان کے مطابق پلاسٹک کے شاپنگ بیگ پر اس لئے پابندی عائد کی گئی ہے کہ یہ پلاسٹک سائنسی تحقیق کے مطابق پانچ سو سال تک مٹی کے نیچے دفن رہنے کے باوجود ختم نہیں ہوتا نیز ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتا ہے ۔
موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر یونین کونسل کی سطح تک بھی گزشتہ دنوں بذریعہ پینا فلیکس بینر عوام کو آگاہی کی مہم چلائی گئی کہ سبزی فروٹ ، یا کر یانہ اشیاء گھر لانے یالے جانے کے لئے نان بائیو ڈی گریڈ ایبل پلاسٹک شاپنگ بیگ قطعاً استعمال نہ کیے جائیں بلکہ حکومت پنجاب کے مذکورہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والے پر بھاری مالی جرمانہ کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔
اب اسی مہم کے تحت شہر و دیہات میں برابر مہم جاری ہے اور مقامی دوکانداروں اور صارفین کے درمیان روزانہ کئی دفعہ اختلافات کی صورت حال پیدا ہوتی ہے ۔ دوسری جانب تحصیل انتظامیہ کی جانب سے بھی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران عام پلاسٹک شاپنگ بیگ استعمال کرنے والے دوکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
اس لیے شہری اور دیہاتی خصوصاً دور دراز کے علاقوں سے گھریلو صارفین کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ہر سطح کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متبادل بائیو ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ سستی قیمتوں میں مقامی دوکانداروں کو فراہم کیے جائیں تا کہ صارفین کو آسانی کے سا تھ سبزی ، فروٹ اور دیگر کریانہ کی اشیاء لانے یا لے جانے میں آسانی لائی جا سکے۔
شہری اور دیہاتی دوکانداروں کے ساتھ ساتھ پلاسٹگ شاپنگ بیگ بنانے والے کارخانہ داروں پر سختی کی جائے کہ وہ متبادل بائیو ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ بنا کر عام مارکیٹوں تک سستے داموں پہنچانے کے انتظامات کریں۔
نیز عوامی سماجی حلقوں کی جانب سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب بھر کے چھو ٹے بڑے تمام دوکانداروں کے پاس پہلے سے موجودسٹاک میں نان بائیو ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ سرکاری طریقہ سے واپس جمع کر کے برابر سٹاک میں نئے بائیو ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ فراہم کیے جائیں ۔



